وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سعودی، پاکستان “ٹیک-ہاؤس” کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

43

اسلام آباد، 06 مارچ ( اےپی پی): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں سعودی، پاکستان “ٹیک-ہاؤس” کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں سعودی ٹیکنالوجی کمپنیز کے سربراہ شہزادہ فہد بن منصور السعود نے شرکت کی۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی ، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ پاکستان کے انسانی وسائل کا بیشتر حصہ نوجوان ہیں، جو حقیقی ترقی کے ضامن ہیں۔ زرعی اور دیگر کاروبار کے لیے 15 لاکھ روپے تک آسان اور سود سے پاک قرضہ جات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے 15، 25 اور 75 لاکھ تک کے قرضہ جات کا اجراء کیا گیا ہے۔ طلباء دوران تعلیم ہی قرضہ جات حاصل کرکے اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اپنے ترقیاتی، تخلیقی خیالات کو حقیقی عملی امور میں بدل سکتے ہیں۔ نوجوانوں کی ہنرمند تربیت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی سرفہرست ہے۔ تعلیمی درسگاہوں اور صنعتی شعبے کے مابین ربط و تعلق قائم کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے پاس قابل نوجوان آبادی کی صورت دنیا کو پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ سعودی عرب تیزی سے جدت کی طرف گامزن ہے اور مستقبل کا انفارمیشن ٹیکنالوجی مرکز ہو گا۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی، پاکستان “ٹیک-ہاؤس” کے اجراء کے موقع پر دلی مسرت ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب دونوں معاون ممالک اور بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہیں۔پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ترقی اور سعودی عرب کی معاونت کلیدی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ سعودی عرب وژن 2030ء کے تحت ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کی جانب گامزن ہے۔

سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے قیام سے آج تک ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا ہے، یہ رشتہ خلوص پر مبنی ہے۔

سعودی ٹیکنالوجی کمپنیز کے سربراہ شہزادہ فہد بن منصور السعود نے ٹیک ہاؤس کے اجراء  کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی، پاکستان ٹیک ہاؤس کی پہلی شاخ لاہور میں تشکیل پائے گی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ سعودی عرب کی ڈیجیٹل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ترقیاتی وژن سے لاتعداد مواقع پیدا ہوں گے۔  پاکستان میں ٹیک ہاؤس کے قیام سے ایک ہزار روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے ۔  پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی لاگت سے 5 سالوں میں 300 منصوبے شروع کریں گے۔