لاہور،14مارچ (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت اور روایات کے رنگ دل آویز ہیں،دنیا بھر میں پنجابی ہر جگہ اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں،دنیا بھر میں پنجاب کی ثقافت کو پسند کیا جاتا ہے اور پنجابی ہر جگہ اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔
پنجاب ثقافت دیہاڑکے حوالے سے پیر کو یہاں وزیراعلی آفس میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔وزیراعلی کو صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر نے پنجاب کی روایتی پگڑی پہنائی۔ وزیر اعلی نے کابینہ ارکان کو پنجاب کی روایتی پگڑیاں پہنائیں جبکہ تقریب میں شریک مہمانوں کوبھی پنجاب کی روایتی پگڑیاں پہنائی گئیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر،سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، کمشنر لاہورڈویژن، سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلی اور دیگر سٹاف کو پگڑیاں پہنائی گئیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کو پنجاب کی روایتی چادر پہنائی گئی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ محبت، امن، بھائی چارے، یگانگت اور رواداری پنجاب کی ثقافت کے نمایاں رنگ ہیں۔پنجاب کی مٹی سے پیار،محبت، مہمان نوازی اور اخلاق کی خوشبو آتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کی ثقافت میں ہرعلاقائی رنگ کا امتزاج ہے۔پنجاب کی ثقافت میں ہر رنگ جھلکتا ہے۔ پنجاب زندہ دلوں کی دھرتی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر نے کہاکہ میرے ساتھی وزرا نے پنجاب ثقافت دیہاڑ منا کر مان بڑھایا۔ وزیراعلی اور صوبائی وزرا نے پنجاب ثقافت دیہاڑ منانے پر صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت او رمحکمہ اطلاعات و ثقافت کی کاوشوں کو سراہا۔











