لاہور،06اپریل(اے پی پی): ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء محمد سلیم ساگر نے جمعرات کو یہاں الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کا دورہ کیا اور موسیقی،سٹار، گٹار، کی بورڈ، ہارمونیم، پینٹنگ، خطاطی و مجسمہ سازی کی کلاسسز کے اساتذہ و نوجوانوں سے ملاقات کی۔
محمد سلیم ساگر نے نوجوان طلبہ و طالبات کا کام دیکھا اور بھرپور سراہا۔ انہوں نے الحمراء اکیڈمی میں ووکل کی کلاس میں زیرتربیت آرٹسٹوں سے صوفیانہ کلام بھی سنا۔ انہوں نے کہا کہ الحمراء اکیڈمی فنون لطیفہ کی تعلیم اور تربیت کا تاریخی تدریسی ادارہ ہے، الحمراء اکیڈمی میں فنون لطیفہ کے 12شعبوں میں کلاسز جاری ہیں، ہمارا نوجوان زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہا ہے۔
محمد سلیم ساگر نے کہا کہ ٹیلنٹ کو نکھار کر الحمراء کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو موقع فراہم کرنا خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا فنون سیکھنے کا شوق قابل دید ہے، انہی سے مستقبل کے سٹارز پید ا ہونگے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ دیر پا نتائج کے حامل اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات میں فن اورفنکار کی ترقی و خوشحالی سرفہرست ہے۔











