لاہور، 02 اپریل(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ لوگوں میں آٹزم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے میڈیا پر خاص طور پر سوشل میڈیا پر آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔
ورلڈ آٹزم ڈے کے حوالے سے چلڈرن ہسپتال کے زیر اہتمام گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس مرض کی جلد تشخیص سے آٹزم کا شکار بچوں کو اپنے خاندان اور معاشرے کے لیے مفید بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ چلڈرن ہسپتال لاہور پہلا سرکاری ہسپتال ہے جس میں Developmental Behavioural Paediatrics کا شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ یہ شعبہ آٹزم کی تشخیص اور علاج میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یونیورسٹی آف چائلڈ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، ڈیاپرٹمنٹ ہیڈ، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ مقبول اور ان کی پوری ٹیم کے جذبے کو سراہتا ہوں۔ آٹزم کے حوالے سے محکمہ صحت، سپیشل ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر سمیت تمام ایم اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط اور شراکت داری قائم کرنا ضروری ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت جاوید اکرم نے کہا کہ پراونشل آٹزم پالیسی پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
تقریب میں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز چلڈرن ہسپتال، پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، سید ساجد علی شاہ، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز ،سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ مقبول، ڈین میڈیسن اینڈ الائیڈ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز ، آٹزم کے حوالے سے کام کرنے والی فلاحی تنظیم کی سی ای او رخسانہ شاہ نے سمیت ڈاکٹرز ، مختلف سکولوں اور خصوصی بچوں کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔











