ملتان ؛ کمشنر کا نشتر2 کی زیر تعمیر سائٹ کا دورہ ، کام کی رفتار و مسائل بارے بریفنگ دی گئی

5

ملتان،29مئی  (اے پی پی):کمشنرملتان ڈویژن انجینئرعامر خٹک  نے نشتر2 کی زیر تعمیر سائٹ کا دورہ  کیا ، اس موقع پر انہیں  کام کی رفتار و مسائل بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

کمشنرملتان ڈویژن انجینئرعامر خٹک نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں ، صحت کے شعبے میں بہتری وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس لئے منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہاکہ  کمشنر آفس کی جانب سے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مکمل معاونت فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ منصوبے کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے فوری آگاہ کیاجائے اورعوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیموں کی تکمیل مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے۔

بریفنگ کے دوران کمشنر ملتان کو  بتایاگیاکہ موسمی صورتحال سے نشتر2 پر کام کی رفتار پر فرق پڑا ہے۔ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف کی تقرری بارے ورکنگ شروع کی جاچکی ہے۔350 سے زائد ورک فورس اس وقت سائٹ پر کام کر رہی ہے۔ٹرانسفر، پاور کیبلز، پینل میپکو انسپکشن سرٹیفکیٹ کے بعد انسٹال کردیئے جائیں گے۔آئی ٹی سیکشن کے فعال ہوتے ہی پیپر لیس ٹیکنالوجی پر کام کیا جائے گا۔ہسپتال بلاک میں دروازے لگائے جا چکے ہیں۔

 اس موقع پر  ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر،ایڈیشنل کمشنر ارشد گوپانگ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سمیع،اسسٹنٹ کمشنر عامر افتخار، نشتر انتظامیہ، آئی ڈیپ حکام اور متعلقہ محکموں کے افسران موجودتھے۔