لاہور،14مئی (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت پنجاب ایس ایم تنویر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل انڈسٹریز، پرائسزویٹ اینڈ میرزاورصارف تحفظ کونسلز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی انڈسٹریز عائشہ حمید اور ڈائریکٹر صارف تحفظ کونسل محمود احمد بھٹی نے اپنے اداروں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی ۔
صوبائی وزیر نے دونوں اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے ادارے خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کریں، عوام کو اشیا ئے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ صارفین کو ان کے حقوق بارے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے،متعلقہ ادارے صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہو کر کام کریں۔ ڈی جی انڈسٹریز نے بتایا کہ گزشتہ 3ماہ کے دوران گراں فروشی کے خلاف 22لاکھ انسپیکشنزکی گئیں اور 4802مقدمات درج کئے گئے،اس دوران گراں فروشوں کو 23کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے جبکہ 14 ہزار سے زائد کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 80مقدمات،209گودام سیل اور 23 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کئے گئے۔
ڈائریکٹر صارف تحفظ کونسل محمود احمد بھٹی نے بتایا کہ کنزیومر کورٹس میں اب تک 50752کیسزفائل ہوئے، 47932نمٹا دئیے گئے ، اتھارٹی /ڈپٹی کمشنر زکے پاس 49073شکایات درج ہوئیں جن میں سے 47049شکایات نمٹا دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کنزیومر پروٹیکش کونسل اور اس کے فیلڈ دفاتر کے پورے نظام کی آٹومیشن کردی گئی ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔











