پرائم منسٹرز یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں فٹ بال ٹرائلز کی رجسٹریشن کا آغازکردیا گیاہے، شزہ فاطمہ خواجہ

2

اسلام آباد,26مئی  (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا  ہے کہ پرائم منسٹرز یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں فٹ بال ٹرائلز کی رجسٹریشن کا آغازکردیا گیاہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  بحیثیت وزیراعظم نواز شریف  نے 2013 میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا آغاز کیا جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور ان کو با اختیار شہری بناناتھا، لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کیے گئے، لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے، انٹرن شپس پروگرام شروع کیے گئے۔جمعہ کو  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ وہ ننھے پودے جو آج سے 10 سال پہلے لگائے تھے ،آج وہ پھلدار درخت بن چکے ہیں۔ان 10 سالوں میں لاکھوں نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آج 2023 میں شہباز شریف کی قیادت میں پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام میں مزید توسیع کی گئی ہے۔   انہوں نے بتایا کہ ان تمام پروگرامز کا مقصد ملک میں ترقی اور روزگار فراہم کرنا تھا۔لیپ ٹاپ سکیم جو شہباز شریف کے دور میں شروع ہوئی ناقدین نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ کورونا میں یہ لیپ ٹاپس ہی لوگوں کے کاروبار کا ذریعہ بنے اور انہی لیپ ٹاپس سے لاکھوں نوجواوں نے  تعلیم حاصل کی۔ رواں سال لیپ ٹاپ سکیم کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول کریں۔ نوجوانوں کے تخلیقی آئیڈیاز کو فروغ دینے کے لئے نیشنل اینویشن پروگرام شروع کیا گیا ،  جس میں 3ہزار  نوجوانوں نے حصہ لیا۔نیشنل اینویشن پروگرام کے ذریعے100طلبا کو مالی معاونت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اِن 100 میں سے صرف 5 لوگ بھی اگر بین الاقوامی سطح پر سٹارٹ اپ یونیکون بن جائےتو پاکستان کے لئے یہ بیت ہی قابلِ فخر بات ہے۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ 2018  میں بہت سے پروگرامز کو بند کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ  افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماضی کے چند سالوں میں نوجوانوں کو ملک کی ایک سیاسی جماعت نے غلط راہ دیکھائی اور نوجوانوں میں نفرت انگیزی اور اشتعال انگیزی کو فروغ دیا گیا۔ 9 مئی کو جو واقعہ رونما ہوا وہ قابل افسوس ہے۔انہوں نےکہا کہ ان کی نوجوان نسل   سے گزارش ہے کہ وہ مثبت سوچ سے آگے بڑھیں کیونکہ یہ ملک آپ ہی کو لے کر آگے بڑھنا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں 54 ہزار بچوں کو مختلف کھیلوں کا حصّہ بنایا جا چکا ہے۔ ملک بھر کے 25 ریجنز میں ہاکی کے ٹرائلز کروائے جا چکے ہیں جن میں ہزاروں مرد و خواتین نے ٹرائلز میں حصہ لیا۔ اسی طرح پاکستان کے 28 ریجنز میں والی بال ٹرائلز منعقد کروائے گئے ۔ پورے پاکستان میں ٹیلنٹ ہنٹ کروایا گیا۔ شزہ فاطمہ نے  کہا کہ آج کیپریس کانفرنس کا مقصد ہمارے اگلے کھیل کے متعلق آگاہ کرناہے۔ انھوں  نےکہا کہ پرائم منسٹرز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں فٹ بال ٹرائلز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جس کے تحت ملک بھر کے 25 ریجنز میں ٹرائلز کروائے جائیں گے ۔یہ ٹرائلز جون کے پہلے ہفتے میں منعقد کیے جائیں گے۔ ملک بھر سے فٹبال میں دلچسپی رکھنے والے تمام نوجوان ان ٹرائلز میں حصہ لیں ۔ فٹبال کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ،نوجوان بچے بچیاں پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ www.pmyp.gov.pk پر جا کر ٹرائلز کے لئے خود کو رجسٹر کرائیں اور فٹ بال ٹرائلز کا حصہ بنیں۔