پشین؛ گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اٹھارہ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کے حق میں احتجاجی ریلی

17

پشین،26 مئی (اے پی پی): گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن ضلع پشین کے زیر اہتمام اٹھارہ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت ضلعی صدر محمد عارف ترین اور مرکزی آڈیٹر جمیل الدین کاکڑ نے کی۔ ریلی ڈی سی کمپلیکس سے شروع ہوکر مین شاہراہ سے ہوتی ہوئے میڈیا ہاؤس پشین پہنچی جہاں  ریلی جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔

 احتجاجی جلسے سے  ضلعی صدر محمد عارف ترین ، جمیل الدین کاکڑ اقبال شاہ اور عرفان عالم  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر کیڈرز اور ہیڈ ماسٹر،ہیڈ مسٹریس کی غیر مشروط اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن فی الفور جاری کیا جائے ،پری میچور انکریمنٹ کی کٹوتی کا خاتمہ اور مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اگراساتذہ کے جائز مطالبات پرفوری عملدرآمد نہیں کیا گیا تو 5 جون کو بلوچستان کے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں پڑاو ڈالیں گے جہاں بلوچستان بھر سے ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ احتجاج کریں گے۔انہوں نے  کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان صوبہ بھر کے اساتذہ کرام کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو طلباء کے تعلیم کے حصول، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی،تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کرام کے وقار کی بلندی اور انہیں  درپیش مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی غیر حاضری ہر گز برداشت نہیں کریں گے، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان میں غیر حاضر اساتذہ کیلئے بلکل جگہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر کے سکولوں کی مسنگ پوسٹس کا مسئلہ حل کیا جائے۔بینوولنٹ فنڈ کی پالیسی پر نظر ثانی کرکے کٹوتی اور ادائیگی میں توازن قائم، محکمہ تعلیم میں لازمی تعلیمی سروس ایکٹ کا فوری طور خاتمہ کیا جائے۔