پاکستان کی معاشی ترقی میں یورپی یونین  کا کلیدی کردار ہے؛وفاقی وزیر سردار ایاز صادق 

4

اسلام آباد،1جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں یورپی یونین  کا کلیدی کردار ہے اور ہم یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رائنا کیونکا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یورپی یونین کی سفیر نے وفاقی وزیر ایاز صادق  سے ان کے  بھائی کے انتقال پر  تعزیت کی۔

سردار ایاز صادق نے یورپی یونین کی سفیر  کا استقبال کیا اور یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ  تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کی دیرینہ دوستی اور تعاون قابل تعریف ہے ، پاکستان کی معاشی ترقی میں یورپی یونین کی مسلسل حمایت کا دل کی گہرائیوں سے اعتراف کرتا ہوں۔

 یورپی یونین کی سفیر  نے آئی پی ایس جی اجلاس کے کامیاب انعقاد کی تعریف کی اورآئی پی ایس جی ممبران کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا۔

 ملاقات میں  تیرہویں یورپی یونین پاکستان مشترکہ کمیشن کے ایجنڈے اور تیاریوں پر تبادلہ خیال بھی ہوا اور پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان  تعاون کو مزید گہرا کرنے، اقتصادی تعلقات اور تجارت پر توجہ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 فریقین نے  پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون میں پیشرفت پر اطمینان   اور  اعلیٰ سطح کی  بات چیت میں شامل ہونے  کے عزم کا اعادہ کیا۔

 یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ  اقتصادی تعلقات کو مضبوط  اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا پاکستان اور یورپی یونین کے لیے اہم ہے۔