گوجرانوالہ،26جون(اے پی پی): کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے گزشتہ رات طوفانی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور محکمہ واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو بارشی پانی کے فوری نکاس کی ہدایت بھی کی کہ بارشی پانی کے نکاس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے پمپنگ اسٹیشن کو چوبیس گھٹے چالو حالت میں رکھا جائےاورشہر کے انڈڑ پاسز اوردیگر نشیبی مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور پانی کے نکاس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے ہدایت کی کہ بارشی موسم میں شہریوں کو آمدورفت میں کسی پریشانی سے بچانے کیلئے محکمہ واسا، کارپوریشن،جی ڈی اے پوری طرح متحرک رہیں، تمام متعلقہ محکمہ مون سون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔
کمشنر گوجرانوالہ کی ہدایات کی روشنی میں ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا کہ واسا نکاسی آب کیلئے تمام دن متحرک رہا ہے۔گزشتہ رات گوجرانوالہ میں 59 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے چند گھنٹے بعد ہی تمام مین روڈز اور انڈر پاسز سے پانی کا نکاس کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہگوجرانوالہ شہر اس وقت تک 90 فیصد کلیئر ہوچکاہے جبکہ محکمہ واسا کے ٹیمیں باقی ماندہ علاقوں میں بھی نکاسی آب کیلئے مسلسل کام میں مصروف ہیں۔











