آئی جی پی، خیبر پختونخواہ اختر حیات خان کا نوشہرہ وزٹ، محرم الحرام حوالے سیکورٹی انتظامات کی چیکنگ

9

پشاور، 27جولائی(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس اخترحیات خان نے محرم الحرام میں امن وامان  کے حوالے سے نوشہرہ کا مختصر دورہ کیا۔

اس موقع پر ریجنل پولیس افیسر محمد سلیمان اور ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ناصر محمود بھی اُنکے ہمراہ تھے۔نوشہرہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پی کو  سلامی دی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نےنوشہرہ کینٹ کی امام بارگاہوں اور جلوس کی گزرگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے تمام سیکورٹی انتظامات چیک کئے۔

اہل تشیع مشران سے ملکر ان سے مہیا کردہ سیکورٹی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ناصر محمود نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے نوشہرہ پولیس تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

کسی بھی نا خوشگوار واقعہ  سے بچنے کے لئے پولیس افسران و اہلکاران خوش اسلوبی سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لئے ریزرو ٹیمیں ہمہ وقت تیار  ہیں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے نوشہرہ پولیس کے سیکورٹی کے لیے اٹھائے گئے  اقدامات  پر اطمینان کا اظہار کیا۔