سیالکوٹ،12اگست(اے پی پی):سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احسان اللہ بھٹہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی 64فیصد آبادی 30سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے ،ایسی نوجوان آبادی رکھنے والے دنیا میں صرف 5ممالک ہیں، یہ نوجوان ملک و قوم کا اصل اثاثہ ہیں ان کی ترقی کیلئے ایسے علوم اور ٹیکنالوجی میں مہارت کی ضرورت ہے جس سے وہ اندر ون و بیرون ملک باعزت روزگارکماسکیں۔
یہ بات انہوں نے اکنامک ایمپاورمنٹ فار آل کے عنوان سے پیرس روڈ سیالکوٹ پر واقع ایک مقامی ہوٹل میں ٹیوٹا جاب فیئر کے افتتاح کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان، صدر ایوان صنعت و تجارت عبدالغفور ملک ،چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی اور ڈائریکٹر جنرل او پی ایس عامر عزیز کے علاوہ 40 سے زائد صنعتوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احسان اللہ بھٹہ نے کہا کہ گوجرانوالہ، گجرات اور بالخصوص سیالکوٹ پاکستان کی انڈسٹریز کی جان ہیں جہاں صنعتیں تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، صنعتوں کی بڑھوتری کے ساتھ ساتھ صنعتوں میں کام کرنے والے ہنر مند مزدوروں کی مانگ میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک کے بعد 70فیصد بچے آگے تعلیم حاصل نہیں کرتے اگر ان کے پاس ہنر نہیں ہوگا تو انہیں نوکری نہیں مل سکتی۔
احسان اللہ بھٹہ نے کہا کہ انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ نے امسال گرمیوں کی چھٹیوں میں سکول اور ہائیر سیکنڈری سکول کے بچوں کیلئے سمر سکلز نام کے فارمل کورسز کا اجراء کیا ہےاور اس کا دائرہ کار وسیع کرکے خصوصی بچوں، قیدیوں ، گداگروں اور نشہ کی لت میں مبتلا افراد کو بھی نارمل ایجوکیشن فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جاب فیئر کا مقصد بھی یہی ہے کہ جن بچوں نے فنی کورسز مکمل کئے ہیں ان کو صنعتوں میں انٹرن شپ آفر کی جائے تاکہ ان کے ہنر میں نکھار پیدا ہو سکے اور مارکیٹ کی طلب کا اندازہ ہوسکے۔
سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احسان اللہ بھٹہ نے کہا کہ پنجاب روزگار اسکیم کے تحت ٹیکنیکل اداروں سے ڈپلومہ لینے والے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو شخصی ضمانت پر 10لاکھ روپے قرضہ صرف 4فیصد مارک اپ پر دیا جارہا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اس جاب فیئر میں 200سے زائد بچوں کو مختلف صنعتوں میں ملازمت ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سکلز اور مختلف صنعتوں میں ملازمت کی سکلز ہم آہنگ نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ادارے مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کو سکلز فراہم کریں۔انہوں نے جاب فیئر میں آنے والے وزیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ آئی ٹی بیس ای کامرس اور فری لانسنگ پر خصوصی توجہ دیں۔











