ملتان؛ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں 51ویں امام حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد

17

ملتان،12اگست(اے پی پی):وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کی زیر صدارت نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں51ویں امام حسینؓ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ممتاز عالم دین، فلسفی، مفکر، شاعر، مایہ ناز ادیب اور ماہرِتعلیم علامہ سید عقیل الغروی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب میں ماہرِتعلیم علامہ سید عقیل الغروی نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ نے اپنی، اپنے خاندان اور رفقاء کی قربانی دے کر اسلام کو جلا بخشی، انہوں نے ہر قسم کی مشکلات جبر و ظلم  کا سامنا کیا مگر کسی کے سامنے نہیں جھکے اور شہادت پا کر اسلام کی عظمت و بقا کے ضامن بنے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہمیں ذکر حسینؓ کے ساتھ ساتھ فکر حسینؓ و مشن حسینؓ کو بھی اپنانا چاہیے۔

 پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ عقیل الغروی امت مسلمہ کا ایک بڑا اور معتبر نام ہیں، جو اسلام اور حسینی افکار کے پھیلاؤ کو مشن کے طور پہ لیکر چل رہے ہیں اور مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کے فروغ کے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، انکی دینی و مذہبی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، مذہبی سکالر اور عالم دین کی حیثیت نے انہوں نے آج جو لیکچر دیا ہے اس سے ہماری فیکلٹی اور طلباء و طالبات کے علم میں اضافہ ہوا ہے۔میں انکی آمد اور قیمتی وقت دینے پر علامہ عقیل الغروی صاحب کا دل کی گہرائیوں سے مشکور ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ وقتاً فوقتاً ہمارے ادارے میں تشریف لایا کریں گے تاکہ ان سے دینی معلومات کے حصول اور سیر حاصل گفتگو کا سلسلہ جاری رہے۔

 ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز و ڈین آف بیسک سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی اور ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی اور ڈاکٹر علی مہدی سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔