ملتان؛14اگست ایک ایسا تاریخ ساز دن جس نے مسلمانوں کو ہندوئوں کی غلامی سے نجات دلائی، اشعر اقبال ملک

31

ملتان،14 اگست (اے پی پی):ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب(ٹی ڈی سی پی )ملتان آفس کے ریجنل منیجر اشعر اقبال ملک نے کہا کہ 14اگست ایک ایسا تاریخ ساز دن جس نے مسلمانوں کو ہندوئوں کی غلامی سے نجات دلائی اور انہیں آزادی کی پیش بہا نعمتوں سے آشنا کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی کی ہدایات پر پاکستان کی آزادی کے 76 سال کی مناسبت سے گھنٹہ گھر چوک سے نکالی گئی ایک ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریجنل منیجر اشعر اقبال ملک نے مزید کہا آزادی ہرذی روح کی سب سے بڑی خواہش اور تمنا ہے اور خصوصاً انسانوں کے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔ یہ دن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزاری کا دن ہے  اور اپنے اسلاف کی ان عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، جس کی بدولت آج ہم اس آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں،بحیثیت قوم ہم سب کے لئے یہ چیلنج ہے کہ ہم  اپنے ملک کو صحیح معنوں میں خوشحالی اور ترقی کی شاہراہ پرگامزن کریں۔

دریں اثناء محکمہ پنجاب ٹورازم ملتان  نے یوم آزادی کی مناسبت سے گھنٹہ گھر کی تاریخی عمارت کو خوبصورت لائیٹوں  سے آراستہ کیا اور قومی ترانے کے بعد واک کی گئی۔ محکمہ کی طرف سے یوم آزادی پر تمام پراجیکٹس پر خصوصی رعایت بھی دی گئی۔