چترال بونی سڑک کی کشادگی اور تعمیر کے کام کا سی ڈی ایم کا معائنہ، غیر معیاری کام پر برہمی کا اظہار

30

 چترال،18اگست(ا ے پی پی ): چترال بونی شندور سڑ ک پر 75 سال بعد کشادگی اور تعمیر کا کام شروع ہوگیا ہے جس پر اس سیاحتی علاقے کے عوام نہایت خوش ہیں، اس سڑک پر ہر سال قاقلشٹ، بروغل اور شندور  میلہ دیکھنے کیلئے  ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح  بھی گزرتے ہیں تاہم عوام یہ شکایت کرتے ہیں کہ اس سڑک پر ہونے والا کام نہایت ناقص ہے۔

چترال میں سڑکوں کی  تعمیر اور اس میں بہتری کیلئے آواز اٹھانے والی غیر سیاسی تنظیم   چترال ڈیویلپمنٹ مومنٹ  جس میں تمام اراکین رضاکارانہ طور پر بلا معاوضہ  کام کرتے ہیں، انہوں نے اس سڑک کا دورہ کرکے اس  پر ہونے والے کام کا جائزہ لیا۔

سی ڈی ایم کے اراکین نے میڈیا کو بتایا کہ اس سڑک کے کنارے حفاظتی دیواریں نہایت ناقص اور غیر معیاری مٹیریل سے بن رہے ہیں، تعمیراتی کام غیر معیاری ہونے کے ساتھ ساتھ سیمنٹ کے کام پر تھرائی نہیں کی  جاتی  جس کی وجہ سے سیمنٹ کا کام  خراب ہوکر یہ حفاظتی دیواریں خود بخود گررہی ہیں۔

چترال کے سیاسی اور سماجی طبقہ فکر کے ساتھ ساتھ سی ڈی ایم کے اراکین  نے بھی وفاقی حکومت سے پر زور مطالبہ  کیا ہے کہ  سیاحتی علاقے کے سڑک پر کام  میں تیزی لانے کے ساتھ اس کام کے معیار کو چیک کرکے اس میں بہتری لانے کیلئے ضروری اقدامات  کئے جائیں تاکہ یہ سڑک تکمیل کے بعد چند مہینوں میں دوبارہ  خراب نہ ہو اور عوام کو مٹی اور گرد و غبار سے چٹکارا حاصل ہوکر ان کو سفر کرنے میں بھی آسانی ہو۔