یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے؛ نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

23

لاہور، 18اگست(اے پی پی): نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہم یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے فوائد اصل مستحقین تک پہنچانا چاہتے ہیں،یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے، پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے پرائیویٹ ہسپتالوں کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید حسین سے جمعہ کو یہاں  اپکا کلینک میں ملاقات کے دوران کیا۔ نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے چیئرمین کے درمیان ہیلتھ کارڈ سروسز میں مزید بہتری کے لیے بات چیت ہوئی۔ ڈاکٹر علی رزاق نے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ دنیا بھر میں امیر سے غریب اور صحت مند لوگ بیماروں کا ساتھ دیتے ہیں، ہم یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں شفافیت لا رہے ہیں، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کا بھی آڈٹ کیا جا رہا ہے۔

 چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید حسین نے کہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

 اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈویژنل ہیڈ اسٹیٹ لائف محمد اشعر اور ریجنل ہیڈ ڈاکٹر نور موجود تھے۔