لاہور،12اگست (اے پی پی):کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی کنٹریکٹ پر 35 سے زائد ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ فیکلٹی کی مستقلی کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم اور گیسٹ آف آنر وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر خالد مسعود گوندل تھے۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے وزیر صحت کا استقبال کیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یہاں فیکلٹی ممبران کو دیکھ کر خواب پورا ہو گیا، زندگی میں رسک لئے بغیر کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی، ڈاکٹرز کمیونٹی کی سربلندی کیلئے دہشتگردی کے مقدمات بھی بھگتے ہیں، اللہ پاک کا نام لینے کے بعد شروع کیا جانے والا ہر کام ٹھیک ہوتا ہے،ہمیں تمام نعمتوں پر اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ محمود ایاز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے کوشاں ہیں، بطور ایک وزیر میری مستقل ہونے والے فیکلٹی ممبران سے بڑی امیدیں وابستہ ہو گئی ہیں،کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی بہتری کیلئے ہر اقدام اٹھائیں گے۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے،اچھی قوموں کی بنیاد میں اچھے اساتذہ کردار ادا کرتے ہیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کو طبی درسگاہوں میں نمایاں مقام حاصل ہے۔
اس موقع پر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دن کا سارا سہرا پروفیسر جاوید اکرم اور وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کو جاتا ہے،سینڈیکیٹ اور سینٹ کے اجلاس میں پہلے دن سے مثبت پیش رفت رہی،رجسٹرار ڈاکٹر ریاست علی نے تمام تر قانونی معاملات میں معاونت کی،وزیر صحت پنجاب نے خود ہر موقع پر سرپرستی کی ان تمام تر کاوشوں کا سہرا پروفیسر جاوید اکرم کو جاتا ہے، وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کی اس کامیابی پر خصوصی مبارکباد دیتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر صحت نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں 76 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے کنگ ایڈورڈ میوزک کلب، ڈبیٹنگ سوسائٹی اور لٹریری سوسائٹی کی جانب سے فلمایا گیا ملی نغمہ بھی پلے کیا گیا۔طلبا و طالبات جوش و خروش اور ملی جزبے سے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔











