چترال ؛ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنیوالی پائپ لائن سڑک بیچ سے نکال کرمحفوظ کنارے منتقل کرنے پر کام کاآغاز

63

چترال،28 ستمبر(اے پی پی ): عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنی والی پائپ لائن سڑک کے بیچ سے نکال کر اسے محفوظ کنارے منتقل کرنے پر کام کاآغاز کردیا گیا ہے ۔

چترال ٹاون کو تیرہ برس پہلے گولین کے قدرتی چشموں سے پینے کی صاف پانی پائپ لائن سڑک کے کنارے لائی گئی تھی جو سڑک کشادہ ہونے کی وجہ سے سڑک کے درمیان میں آگئی ،اسے سڑک کی بیچ سے نکال کر محفوظ کنارے پر منتقل کیا جارہا ہے تاکہ بھاری گاڑیوں کی وجہ سے یہ پائپ لائن بھی نہ ٹوٹے اور پانی لیک ہونے کی صورت میں تارکولی سڑک کو بھِی نقصان نہ پہنچے۔

 گولین کے قدرتی چشموں سے چترال ٹاون کی چالیس ہزار سے زائد آبادی کے لئے پینے کا صاف پانی تیرہ سال قبل محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے پائپ لائن کے ذریعے لایا تھا،اس وقت یہ سڑک صوبائی محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے پاس تھی جو بعد میں وفاقی محکمہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے ) کے حوالے ہوئی۔

 سڑک پرٹریفک کا رش زیادہ ہونے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضرورت کے مطابق اس سڑک کو کشادہ کیا گیا، جس وقت یہ پائپ لائن لائی جارہی تھی اس وقت اسے سڑک کے کنارے پہاڑ کے دامن میں سے گزارا گیا تھا مگر سڑک کشادہ ہونے کے بعد یہ پائپ لائن سڑک کے درمیان میں آگئی اور خدشہ تھا کہ مال بردار گاڑیوں اور بھاری ٹرکوں کی گزرنے کی وجہ سے یہ پائپ لائن ٹوٹ کر تارکولی سڑک کو بھی نقصان پہنچائے گی اور عوام بھی پینے کے پانی سے محروم رہیں گے ۔

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے اس پائپ لائن کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کیلئے انتیس کروڑ روپے کاتخمینہ لگایا ، ضروری کارروائی کے بعد اب اس پائپ لائن کو سڑک کے بیچ سے نکال کر محفوظ جگہ منتقل کرنے پر کام کاآغاز ہوگیا ہے۔

 پی پی سی کی پشاور پائپ اینڈ کنسٹرکشن کمپنی کے پراجیکٹ منیجر حسن خان کا کہنا ہے کہ جلد سے جلد اس پائپ لائن کو محفوظ جگہ شفٹ کرکریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

 تعمیراتی کمپنی کے ڈائریکٹر فہد اعظم کے مطابق یہ پائپ لائن شفٹ کرنے سے آئندہ کیلئے اس سڑک پر بھاری گاڑیاں گزرنے کی کے باوجود ہر قسم کے نقصان سے محفوظ رہے گی اور لوگوں کو پینے کی پانی کی فراہمی بھی باقاعدگی سے جاری رہے گی۔

گولین کے قدرتی چشموں سے یہ پائپ لائن بائیس کلومیٹر بونی سڑک کے کنارے چترال ٹاون لائی گئی تھی اب اس میں تین ہزار میٹر سے زائدنیا پائپ استعمال ہوگا اور باقی جگہ میں پرانا پائپ نکال کر اسے سڑک کے کنارے منتقل کیا جارہا ہے تاکہ آئندہ اسے ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔ واضح رہے کہ اس پائپ لائن کو ایک خاص قسم کے راڈ سے ویلڈنگ کرنے کے بعد اس پر تارکول کا پلستر اور مضبوط سلوشن ٹائپ بھی لگائی جارہی ہے تاکہ زنگ لگنے سے بھی محفوظ رہے۔