بھکر؛ چہلم حضرت امام حسینؓ، سکیورٹی کیلئے 1300 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات

15

 بھکر،07 ستمبر(اے پی پی ):ڈی پی او  محمد نوید کی ہدایات اور احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں چہلم نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں پولیس سکیورٹی ہائی الرٹ ، جلوس و مجالس کے لیے 1300 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر پر مرکزی کنٹرول روم قائم کیا  گیا ہے ، ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر لی گئی، سکیورٹی کو سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، سنیفر ڈاگز ، میٹل ڈیٹیکٹرز اور خار دار تاروں سے موثر بنایا جائے گا۔

سرکل پولیس افسران اپنے اپنے سرکلز میں ریزرو پولیس نفری کے ساتھ سکیورٹی کے لیے متحرک رہیں گے جبکہ ایس ایچ اوز اپنے علاقہ میں بڑے جلوسوں پر خود موجود رہیں گے دیگر جلوسوں کی سکیورٹی کو وقتاً فوقتاً چیک کرنے کے لیے علاقہ میں گشت رواں رکھتے ہوئے جائزہ لینے کےلئے ضروت کے مطابق چکر لگاتے ہوئے علاقہ میں مشکوک گاڑیوں، اشیاءاور افراد کی سنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے ،اس کے ساتھ ساتھ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس بھی اپنے اپنے روٹس پر گشت جاری رکھے گی۔

 چہلم کے موقع پر ممبران ضلعی امن کمیٹی، تھانہ کی سطح پر قائم کمیٹی کے ممبران بھی جلوسوں کے ہمراہ پولیس افسران کے ساتھ موجود رہیں گے، اہل تشیع منتظمین جلوس و مجالس کے وقت روٹس کی پابندی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرکے چہلم کے پروگراموں کو پر امن طور پر مکمل کر کے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے، سکیورٹی کو سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، سنیفر ڈاگز ، میٹل ڈیٹیکٹرز اور خار دار تاروں کو استعمال میں لاتے ہوئے موثر و فول پروف بنایا جائے گا جبکہ سیف سٹی کیمروں سے بھی سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھی جائے گی۔

ضلعی پولیس کے ساتھ ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ اور پولیس کے خفیہ ونگز سادہ کپڑوں میں اپنے فرائض سر انجام دیں گے، ضلع پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور پنجاب کانسٹیبلری کے جوان،سول ڈیفنس، واپڈا، ایمرجنسی میں امن و امان کے ذمہ دار ادارے، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 بھی اپنے فرائض سر انجام دینے کے لیے موجود ہوں گے۔

 جلوسوں کے راستوں پر موجود اونچے مقامات اور عمارتوں پر پولیس کے سنائپرز تعینات ہوں گے، اس موقع پر کسی بھی قسم کی قانونی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے قانون کی بالادستی کو ہر صورت قائم رکھاجائے گا۔پتن ہائے اور بین الصوبائی چیک پوسٹ داجل پر سخت سکیورٹی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ مشکل حالات سے نبردآزما ہونے کیلئے بھکر سٹی ایریا میں داخلی و خارجی راستوں پرمزید پکٹ ہائے قائم کر کے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی قسم کاکوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔