سکھر،14ستمبر(اے پی پی): سکھر کے شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجن بھوک ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے میئر سکھر اور دیگر منتخب نمائندوں نے شرکت کی اور قتل میں ملوث اصل مجرموں کی گرفتاری کامطالبہ کیا گیا اور شہید کے درجات بلندی کی دعا کی گئی۔
سکھر پریس کلب کے سامنے دوسرے روز بھی یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے احتجاجن صحافیوں نے علامتی بھوک ہڑتال کی ۔اس موقع پر سکھر یونین آف جرنلسٹ کے قائم مقام صدر، جنرل سیکرٹری ، پریس کلب کے نائب ، کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن و، فوٹو جرنلسٹ اور دیگر نے شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے شدید نعرے بلند کیئے۔
کیمپ پر میئر سکھر ارسلان شیخ، لالہ شہباز خان، خالد بھانبھن ، احقر رضوی، نصراللہ وسیر اور دیگر نے کہا کہ صحافت میں شہید صحافی جان محمد مہر کے مثبت کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، 32روز گذرنے کے باوجود اصل مجرموں کو گرفتار نہ کرنا افسوسناک عمل ہے اس اہم مسئلے پر کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ جب تک شہید جان محمد مہر کے اصل قاتل اپنے انجام تک نہیں پہنچ جاتے اس وقت تک جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، صدر پاکستان، نگراں وزیراعظم، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔











