لاہور ؛ ثقافتی میلے کے انعقاد کے لیے تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس،’لہور لہور اے’ نامی ثقافتی میلے کو کامیاب بنانے کے لیے تجاویز پر غور

50

لاہور، 15ستمبر( اے پی پی ) :وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر کی زیر صدارت لاہور میں ثقافتی میلے کے انعقاد کے لیے تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج الحمراء آرٹس کونسل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہونے والے ‘لہور لہور اے’ نامی ثقافتی میلے کو کامیاب بنانے کے لیے تجاویز پر غور تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت کا کہنا تھا کہ میلے میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے پنجاب کی مقامی ثقافتوں کو بھر پور نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ  کے لیے بھی پر عزم ہے۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ دس روزہ میلے میں مختلف ممالک کے سفارت کار بھی خصوصی شرکت کریں گے۔ ثقافتی سرگرمیاں صوبے میں  سیاحوں کی آمد و رفت کو یقینی بنائیں گی۔ لاہور کا ثقافتی میلہ پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر ثقافتی سرگرمیوں کو سیاحت کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔ ضروری ہے کہ ہم بھی اس  صنعت سے اسی طرح استفادہ کریں۔ ثقافتی میلے کے ذریعے دنیا کو پنجاب کی ثقافت  کے مختلف رنگوں اور سیاحتی اہمیت سے متعارف کروایا جائے گا۔ لاہور مرکز کی حیثیت سے پنجاب کی ثقافتی و تجارتی سرگرمیوں کا گڑھ تسلیم کیا جاتا ہے ۔ثقافتی میلے میں شاپنگ فیسٹول کا اہتمام صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سبب بنے گا۔  مقدس مقامات پر محافل سماع مذہبی سیاحت میں دلچسپی رکھنے والوں کی شرکت کو یقینی بنائیں گی۔ میلے میں میوزک نائیٹس کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔تاریخی مقامات پر پرفارمنگ آرٹ کی نمائش، کلاسیکل موسیقی اور رقص کے ساتھ تاریخی مقامات کی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گی۔ میلے میں آن لائن کاروبار کرنے والوں کو سٹالز کی شکل میں پلیٹ فارم کی فراہمی کی تجویز بھی سود مند ثابت ہو گی۔ فوڈ کورٹس، مقامی دستکاریوں اور کپڑوں کے سٹال سیاحوں اور ریٹیلرز دونوں کی دلچسپی کا مرکز بنیں گے۔  ثقافتی میلے میں تمام سرگرمیوں کی بھر پور برینڈنگ مقاصد کے حصول میں معاون ہوگی۔ عامر میر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مجوزہ سرگرمیوں کے ساتھ مقام اور بجٹ کا تخمینہ بھی تیار کریں۔ کمیٹی میں پیش کی جانے والی تجاویز کی منظوری کابینہ کے آئندہ اجلاس میں دی جائے گی ۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز، سیکرٹری ٹورازم آصف بلال لودھی، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور  ڈی جی فورڈ اتھارٹی اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی شریک تھے ۔