ملتان؛ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن پر ریسکیو1122 کیجانب سے آگاہی ریلی

16

ملتان، 09ستمبر(اے پی پی):ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن  کے حوالے سے ریسکیو 1122 ملتان کیجانب سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹرکلیم اللہ کی سربراہی میں آگاہی ریلی کا انقعادکیا گیا جس کامقصد عوام میں ابتدائی طبی امداد کی اہمیت اجاگرکرناہے۔ ریلی میں ریسکیورز، ریسکیوولنٹیئرز اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

 ریسکیو 1122نے سال 2023میں 3200سے زائد لوگوں کو ابتدائی طبی امداد اور زندگی بچانے کے اصولوں بارے تربیت دی اور یہ تربیت یافتہ لوگ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اپنا مثبت کردار ادا کرکے لوگوں کی جانیں بچا سکتے ہیں۔

 ریسکیو1122نے سال 2023 میں مختلف ایمرجنسیزکی صورت میں اب تک33538 زخمیوں کو مو قع پر  ابتدائی طبی امداد کی سہولت  دے کر جان بچائی۔

ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے کی اور اس دن کی مناسبت سے عوام الناس کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں موجود ہر شخص کوچاہیے کہ  ابتدائی طبی امداد کی تربیت ضرورحاصل کریں تاکہ دوران سفر گھرمیں یاکام کی جگہ پر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرین کو بروقت طبی امداد دے کرانسانی جانوں کومحفوظ کیا جاسکے۔

اس موقع پر ایمرجنسی آفیسر آپریشنز محمد ارشد خان نے کہا کہ معاشرہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر فرد کو ریسکیو 1122سے ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ دلوائے تاکہ باقاعدہ تربیت یافتہ امداد کے پہنچنے سے قبل کسی بھی حادثہ یا سانحہ میں مقامی آبادی میں موجود ابتدائی طبی امداد کے تربیت یافتہ لوگ اپنی ذمہ داری کو ادا کریں اور حادثہ کی شدت میں کمی لا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ حاصل کر کے ہم محفوظ معاشرہ کے قیام کو عمل میں لاسکتے ہیں، اس سلسلے میں ریسکیو 1122ملتان کی جانب سے مختلف اداروں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دینے کا سلسلہ جاری ہے

دیگر شرکاء میں، ایمرجنسی آفیسر محمد بلال، کنٹرول روم انچارج مدثر ضیاء، اسٹیشن انچارج محمد امجد،سول سو سائٹی اور ریسکیوولنٹیئرز شریک تھے۔