لاہور،14ستمبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، مائنز اینڈ منرلز اینڈ لائیو سٹاک ابراہیم مراد نے پاکستان پینٹ اینڈ کنسٹرکشن کیمیکلز ایکسپو 2023کا افتتاح کر دیا۔ ابراہیم مراد نے پاکستان پینٹ اینڈ کنسٹرکشن کیمیکلز ایکسپو میں مختلف ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ بھی کیا جہاں ا نہیں کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے اپنی پراڈکٹس کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پینٹ اینڈ کنسٹرکشن کیمیکلز ایکسپو میں شرکت کرکے بہت خوش ہوں، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاجر برادری سے ہر قسم کا تعاون کرے تاکہ ملک کی معیشت کا پہیہ چلے،حکومت پنجاب کی جانب سے تاجر برادری کو وہ ہر طرح کا تعاون دیا جائے گا جس سے ملکی تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کو فائدہ ہو۔
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے کہا کہ میٹرو بس حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں، ڈرائیور کو فی الفور گرفتار کرکے واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی ہے، تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے انویسٹی گیشن رپورٹ میں جو تجاویز پیش کی جائیں گی ان پر غور کیا جائے گا اور آئندہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی اور پٹرول ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر نگران وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے طالبعلموں، بزرگوں اور معذوروں کے لئے میٹرو بس سروس اور اورنج لائن ٹرین کا سفر مفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگ بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
ابراہیم مراد نے کہا کہ میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا، سالانہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کو 8ارب جبکہ میٹرو بس پر 2ارب روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ کمرشلائزیشن اور دیگر ذرائع سے ریونیو جنریٹ کیا جائے۔











