وزیراعلیٰ محسن نقوی کا سیالکوٹ میں علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال،رنگ پورہ تھانہ اور سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا 4 گھنٹے طویل دورہ

19

لاہور، 6ستمبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سیالکوٹ میں علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال،رنگ پورہ تھانہ اور سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا 4 گھنٹے طویل دورہ کیا-ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گندی وخون آلودبیڈ شیٹس اورمیٹرس میں کھٹمل پائے گئے،وارڈز میں لال بیگ اور کیڑے رینگتے نظر آرہے تھے جبکہ سیم زدہ دیواریں،ناقص صفائی،واش رومزکی ابتر صورتحال تھی – مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال گارڈزکے ناروا سلوک اورپیسے لینے کی شکایات کیں جبکہ مریضوں اورتیمارداروں نے بعض ٹیسٹ باہر سے کرانے کی بھی شکایات کیں – وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں سہولتوں کے فقدان اور خراب صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا اورپرنسپل اورایم ایس کو وارننگ دی-وزیر اعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی صورتحال کو فوری طور پر درست کیا جائے اورمریضوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی،سی ٹی سکین روم،بچہ وارڈ،میڈیکل وارڈ،سرجیکل وارڈ،ٹی این ٹی وارڈ، نیفرالوجی وارڈاوردیگر وارڈز کا تفصیلی جائزہ لیا-وزیر اعلی محسن نقوی فرداً فرداً مریضوں کے پاس گئے، عیادت کی اورطبی سہولتوں کے بارے دریافت کیا -وزیر اعلی محسن نقوی نے بچہ وارڈ میں زیر علاج 4 سالہ بچی حیا فاطمہ کو فوری طورپر خصوصی ایمبولینس میں چلڈرن ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی-وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی کے تیمارداروں کو دلاسہ دیا اور سیکرٹری صحت کو بچی کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی -بیشتر مریضوں اورتیمارداروں کا  ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینا ن کا اظہار کیا-وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بچہ وارڈ میں موجود ایک خاتون کی شکایت پر پیسے لینے والے پولیس اہلکار اور ہسپتال گارڈ کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا -پولیس نے پولیس اہلکار اور ہسپتال گارڈ کو فوری گرفتار کر لیااور دونوں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے-خاتون نے رقم کی واپسی اور فوری داد رسی پر وزیراعلی محسن نقوی کو دعائیں دیں -وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فرسٹ فلور کی چھت پر موجود تیمارداروں سے بھی ملاقات کی اوران سے مسائل پوچھے-تیمارداروں خصوصا خواتین نے ہسپتال گارڈز کی جانب سے پیسے لینے اورناروا سلوک کے بارے میں شکایات کیں – وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے گارڈز کے خلاف کارروائی کاحکم دیا-وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال کے دورے کے بعد رنگ پورہ تھانہ پہنچے اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا-وزیر اعلی محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا-وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا -وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں صفائی کے انتظامات کی تعریف کی -وزیر اعلی محسن نقوی نے سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا بھی وزٹ کیا -وزیر اعلی محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو سٹرک کی جلد تعمیر و بحالی کیلئے ہدایات دیں -انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری صحت،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او سیالکوٹ بھی ہمراہ تھے-