اسلام آباد، 15 ستمبر(اے پی پی ):پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کھیل ، دنیا بھر میں ملک کا مثبت پہلو اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں، پاکستان میں ڈیوس کپ ٹائی کا انعقاد خوش آئند ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں اعصام الحق قریشی کا کہنا تھا کہ بڑی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، پاکستان میں صرف 2 مرتبہ ٹائی میچز ہارے ہیں لیکن ہمارا ریکارڈ اچھا ہے، پاکستان کو دوبارہ گروپ ون میں لے کر جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قوم سے امید ہے کہ ٹینس کا میچ دیکھیں گے اور انڈونیشیا کو ہرا کر عوام کو خوشی دیں گے، ریکارڈ میں انڈونیشیا ہم سے بہتر ہے لیکن گراس کورٹ ہماری پسندیدہ کورٹ ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موسم بہت گرم ہے، جس کی امید نہیں تھی میچ میں تجربہ استعمال کریں گے۔











