لاہور، 6 ستمبر(اے پی پی): نگران پنجاب حکومت نے بجلی چوروں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کرنے کیلئے تمام ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز کو ہدایات جاری کر دیں۔
ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سول سیکرٹریٹ میں منعقد ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، صنعت، توانائی کے محکموں کے سیکرٹریز،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز اور پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سر براہان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں بجلی چوری کی سرپرستی کرنے والے سرکاری ملازمین و افسران کیخلاف سخت کارروائی اوربجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پراسیکیوشن کا طریقہ کاربہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام ایک قومی مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کا بوجھ عام صارف کو اٹھانا پڑتا ہے، شہری بجلی چوری کیخلاف قومی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چور قومی خزانے کو براہ راست نقصان پہنچا رہے ہیں، ایسے عناصر کو قرار واقعی سزا دلواناضروری ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈیٹا کے مطابق پنجاب میں لیسکو اور میپکو کے زیر انتظام علاقوں میں لائن لاسز سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن میں انتظامیہ اور پولیس مکمل معاونت فراہم کریگی جبکہ مانیٹرنگ کیلئے صوبے کی سطح پر کمیٹی قائم کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے انڈسٹریل یونٹس میں بجلی چوری کی نشاندہی کیلئے سپیشل برانچ کو نگرانی کے فرائض بھی تفویض کئے۔ لیسکو چیف نے کہا کہ اوور بلنگ میں ملوث سرکاری افسران اور اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔











