گوجرانوالہ،15 ستمبر(اے پی پی): غیر معیاری سوڈا واٹر فروخت کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی ان ایکشن،فوڈ سیفٹی ٹیموں کا قلعہ دیدار سنگھ ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن، 4 پلانٹس کی پروڈکشن بند، 880 لیٹر غیر معیاری سوڈا واٹر تلف، موقع پر کیے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے غیر معیاری سوڈا واٹر فروخت کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا ،فوڈ سیفٹی ٹیموں نے قلعہ دیدار سنگھ ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 4 پلانٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی، 880 لیٹر غیر معیاری سوڈا واٹر تلف کیا گیا،سوڈا واٹر کی تیاری میں ممنوعہ اجزاءکا استعمال کیا جارہا تھا،موقع پر کیے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ غیر فلٹرشدہ پانی میں مصنوعی مٹھاس اور کھلے رنگوں کی ملاوٹ سے سوڈا واٹر تیار کیا جا رہا تھااور کہا کہ سپلائی کے لیے تیار بوتلوں پر کسی قسم کا بھی لیبل موجود نہ تھا جبکہ یونٹ میں کام کرنے والے ملازمین کا میڈیکل بھی عدم موجود پائے گئے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یو نٹ میں استعمال شدہ مختلف برانڈز کی بوتلیں اور زنگ آلود ڈھکن استعمال کیے جا رہے تھے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام الناس کی معلومات کے لیے بتایا کہ سوڈا واٹر میں غیر معیاری اجزاءکا استعمال پھیپھڑوں اور گردوں میں انفیکشن کا باعث بن سکتا ہے اورغیر معیاری خوراک کی تیاری اور فروخت ناقابل معافی جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ منافع کے لالچ میں صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











