بھکر؛پولیس کی منشیات فروشوں و بجلی چوروں کیخلاف مہم جاری ، سینکڑوں مقدمات درج

20

بھکر،15 ستمبر(اے پی پی):آئی جی پنجاب کی  ہدایت پر  منشیات فروشوں اور بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے ، اب تک بھکر پولیس نے بھاری مقدار میں چرس اور سینکڑوں لیٹر شراب برآمد کر لی جبکہ بجلی چوروں کے خلاف مہم میں سینکڑوں مقدمات درج کرلئے گئے  ہیں ۔

 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی منشیات فروشوں کے خلاف مہم کے تحت ڈی پی او بھکر محمد نوید کی قیادت میں بھکر پولیس کی جانب سے   منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ اس مہم کے دوران کل 69 مقدمات درج ہوئے، 69 منشیات فروش گرفتار کیے گئے، مجموعی طور پر 37 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی ، 1050 لیٹر سے زائد شراب اور 10 گرام آئس برآمد کی گئی ہے جبکہ منشیات فروشوں کے حوالے سے ڈکلیئرہاٹ سپاٹس کو کلیئر کروا دیا گیا۔

بجلی چوروں کے خلاف کارروائی  میں رواں ہفتہ میں بجلی چوری کے 97 مقدمات درج ہوئے ہیں ،  رواں سال میں بجلی چوری کے 402 مقدمات درج ہوئے اور 337 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھکر پولیس کی طرف سے منشیات فروشوں اور بجلی چوروں کے خلاف ابھی مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

 ڈی پی او بھکر نے سی ایم ایس اور 15 سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے ، ریڈز، ناکہ بندی اور گشت کے دوران ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات صادر کئے ۔