اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

21

ٹنڈومحمدخان,26 اکتوبر(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اعجاز علی جتوئی نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، تاجر برداری مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق اشیاء خوردونوش فروخت کریں، اگر کسی نے نرخ نامے سے زائد قیمت پر تجارت کی تو قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفیس میں منعقدہ تاجر تنظیموں کے نمائندگان کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اعجاز علی جتوئی کا مزید کہنا تھا کہ اشیاءخوردنوش سمیت روز مرہ کے استعمال کی اشیاء کو مارکیٹ کمیٹی کی لسٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جائے کسی بھی تاجر کو زائد قیمت وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اشیاء خود نوش کی قیمتیں تاجروں اور دکانداروں کے مشورے سے طے کر رہے ہیں جس پر ہر صورت عمل کو یقینی بنایا جائے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہمارے فرض ہے، انہوں نے ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری مراکز کا دورہ کریں اور مقرر کردہ قیمتوں کی لسٹ کو نمایاں طور پر آویزاں کرنے سمیت قیمتوں کو چیک کرنے کے عمل کی نگرانی کریں، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈومحمدخان نعیم احمد، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوغلام حیدر عمران راجپوت، ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر شبیر میمن، جنرل سیکرٹری سلیم گدی، گودام انسپکٹر عبدالنعیم، مارکیٹ کمیٹی، پرائس اینڈ کنٹرول، اطلاعات و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔