تھر پارکر،26 اکتوبر( اے پی پی ): ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی کی صدارت میں ضلع تھرپارکر میں تعلیم، صحت، خوراک ، پانی ، زراعت ، لائیو اسٹاک ، سماجی بھلائی اور دیگر مختلف شعبہ جات میں سروسز فراہم کرنے والی این جی اوز کے ساتھ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس دربار ہال مٹھی میں منعقدہ ہوا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی کا کہنا تھا کہ اپنے دورہ تھرپارکر میں سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے جس کے لیے ضروری ہے کہ سماجی تنظیموں کو بھی ساتھ لیکر چلا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے جو بھی مسائل ہیں اگر ہم مشترکہ طور پر انکے حل کے لیے کوششیں کریں تو نتائج بہتر آئیں گے جس کے لیے سرکاری اداروں اور این جی اوز کے مابین مربوط کوآرڈی نیشن کی ضرورت ہے جبکہ آج کے اجلاس کا مقصد بھی کوآرڈی نیشن کو بڑھانا اور یہ معلوم کرنا ہے کہ ہم کس طرح ملکر کام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے تمام این جی اوز سے کہا کہ انہیں چاہیے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے کام کریں تاکہ ایک منظم پلان کے تحت کام ہو سکے۔ انہوں نے پرنسپل تھر انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی مٹھی کیمپس کو ہدایت دی کہ وہ گھروں میں ہونے والی دستکاری اور دیگر ہنرمندی کو دنیا کے سامنے لانے اور اس کی معقول اجرت دلانے کے لیے ویب سائیٹس اور دیگر سوشل میڈیا کے ٹول کا استعمال کریں اور اس ضمن میں طالب علموں کو ذمہ داریاں سونپیں اس طرح ان کا پریکٹیکل ورک بھی ہوگا اور علاقے کے لوگوں کا فائدہ بھی۔
انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کیلاش کو ہدایت دی کہ وہ این جی اوز کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ابتک جو بھی کام انہوں نے این جی اوز کے تعاون سے کئے ہیں اس کی رپورٹ پیش کریں، انہوں نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کو عطائی/ جعلی ڈاکٹروں ، جعلی حکیموں اور جعلی ادویات کے خلاف مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ جن این جی اوز کے این او سی کے مسائل ہیں کہ وہ اپنی فائل کے ڈاکومنٹس مکمل کر کے سرٹیفکیٹ لیں جس کے بعد آپکو جلد ہی این او سی جاری کر دی جائے گی اور اگر روٹین سے ہٹ کر بھی مسئلہ درپیش ہے تو آپ میرے دفتر آجائیں جو بھی مجھ سے تعاون ہو سکے گا کروں گا۔
اس موقع پر تمام ملکی و غیر ملکی این جی اوز کے نمائندوں نے اپنی این جی اوز کی ذمہ داریوں ، کارکردگی اور مسائل سے اجلاس کو آگاہ کیا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبد الحلیم جاگیرانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون آصف علی خاصخیلی، ڈپٹی کمشنر ٹو بھگوان داس، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سمیت ضلع تھرپارکر میں کام کرنے والی ملکی و غیر ملکی این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔











