اوکاڑہ،15اکتوبر(اے پی پی) : نواحی گاوں فور فور ایل میں واقع خانہ بدوشوں کی بستی میں لڑکی کے اغواءکا بدلہ لینے کیلئے آٹھ افراد نے مبینہ طور پر حملہ کرکے ایک خاتون کوقتل کردیا جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی کردیا،حملہ آوروں نے 10 سالہ لڑکی کو اغوا کرلیا،اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزمان کی گرفتاری اور لڑکی کی برآمدگی کے لیے ناکہ بندی کردی۔
تھانہ صدر اوکاڑہ کی حدود میں چکنمبر فور فور ایل میں خانہ بدوشوں کی بستی میں مسلح آٹھ ملزمان عنایت افضال وغیرہ نے دھاوا بول کرمبینہ طور پرایک خاتون نغمہ بی بی کو قتل کردیاجبکہ فائرنگ سے نسیم بی بی اور زوار حسین کو شدید زخمی کردیا۔
حملہ آور ملزمان10سالہ لڑکی ہرمانی دختر شیرخان کو اغوا کرکے لے گئے، ڈی ایس پی صدر واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے،پولیس نے 10 سالہ مغویہ کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔











