ساہیوال،15 اکتوبر( اے پی پی ): ایڈیشنل آئی جی ہیڈ آف ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ اور ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محبوب رشید کے احکامات کی روشنی میں اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال فیصل شہزاد کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرساہیوال سعیداحمدلودھی نے ہیلمٹ کے متعلق جاری مہم کے سلسلہ میں چوہدری سلطان محموداینڈکمپنی ،ٹوٹل پارکو ،پیٹرول پمپ اولڈ جی ٹی روڈ (باہر والا اڈہ) ساہیوال کے باہمی اشتراک سے روڈ سیفٹی و ہیلمٹ آگاہی مہم کے سلسلہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈی ٹی او ساہیوال سعید احمد لودھی نے موٹرسائیکل سوارافراد میں مفت ہیلمٹ تقسیم کئے اوران کوہیلمٹ کی افادیت کے بارے میں خصوصی بریف بھی کیا۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی ٹریفک ساہیوال سعید خان لودھی ، میاں وسیم ریاض سینئر نائب صدر پریس کلب،چوہدری امتیاز احمد،چوہدری نجیب احمد تھے۔
چوہدری سلطان محمود کا کہنا تھا کہ تمام موٹر سائیکل سوارافراد دوران ڈرائیونگ ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں ،ٹریفک پولیس ساہیوال اس سلسلہ میں افسران بالا کے جاری احکامات پرہر صورت عملدرآمدکروانے کیلئے بھرپور کارروائی عمل لارہی ہے اور ہیلمٹ کااستعمال یقینی بنانے کیلئے2000 روپے تک جرمانہ کا آغاز بھی کر رہی ہے۔











