بھکر،21 اکتوبر( اے پی پی ): سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ستارہ امتیاز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بھکر انجینئر محمد عبید اللہ خان نے اپنی زیر نگرانی میں الحمد کالج آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز بھکر میں سالانہ انٹر یونین کونسل سرٹ چیلنج کا انعقاد کرایا جس میں ڈسٹرکٹ بھکر کی تربیت یافتہ رضاکاران پر مشتمل ٹیموں نے سرٹ چیلنج میں بھرپور شرکت کی۔
ٹیموں نے سرٹ چیلنج کے موقع پر کسی بھی سانحہ یا حادثہ کی صورت میں زخمیوں کی درجہ بندی کے مطابق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے ساتھ بحفاظت جگہ پر منتقلی،بلیڈنگ کو کنٹرول کرنا، بلڈنگ کولیپس ہو جانے کی صورت میں دب جانے والے متاثرین کو لوڈ لفٹنگ کے ذریعے نکالنے، چھوٹے اور بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ پر بروقت قابو پا نے کا عملی مظاہرہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبید اللہ خان اور ریسکیو انسٹرکٹرز نے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ریسکیو محافظ ہمارےمعاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں تربیت یافتہ سرٹ ٹیمز کسی بھی ناگہانی صورتحال میں اپنے اردگرد رونما ہونے والی ایمرجنسی پر ریسکیو 1122کے شانہ بشانہ اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں ،یونین کونسلز میں سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم بمقام پنجاب ایمرجنسی سروس اکیڈمی لاہور میں نیشنل سرٹ چیلنج میں حصہ لیں گی۔
آخر میں انجینئر محمد عبید اللہ خان نے سرٹ ٹیمز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انعامات تقسیم کیے اور فاتح ٹیم کو شاباش دی۔











