ہنگو ؛ آٹھ رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کے چار افراد گرفتار ، مال مسروقہ برآمد

46

ہنگو،26 اکتوبر (اے پی پی ):ہنگو سٹی پولیس نے کامیاب کارروائی میں آٹھ رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کے چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 12 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو نثار احمد خان نے ایس ایچ او سٹی فیاض خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہنگو میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر ایس ایچ او سٹی فیاض خان کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک دیا گیا ۔ایس ایچ او فیاض خان نے جدید خطوط پر تفتیش اور انکوائری کر کے آٹھ رکنی گینگ کا کھوج لگایا اور اس گینگ کے چار اہم اراکین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 12 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

ڈی پی او نثار احمد نے اس موقع پر موٹر سائیکلوں کے مالکان کو چابیاں دیں اور ایک چوری کی گائے کی رقم ایک لاکھ بھی برآمد کر کے اس کے مالک کے حوالے کی۔

 ڈی پی او نثار احمد خان نے ایس ایچ او فیاض خاں،ایڈیشنل ایس ایچ او ثواب علی اور ان کی ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیے اور ان کی کارکردگی کی ستائش کی۔