جوہرآباد ؛ ربیع الاول کے حوالے سے حمدو نعت ، سیرت النبیﷺ تقریب منعقد

49

جوہرآباد ، 04 اکتوبر( اے پی پی): ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی  ریسکیو آفس خوشاب میں حمدو نعت اور سیرت النبیﷺ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر مرکزی انجمن تاجران عثمان جنجوعہ، صدر فرنیچر ایسوسی ایشن چوہدری عنصر،چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد ملک حیات اعوان، ذوالقرنین حیدر،ریسکیو افسران اورعملہ نے شرکت کی۔

 سیرت النبی ﷺ تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ریسکیور حافظ خرم شہزاد نے تلاوت قرآن پاک،اور حمدکے بعد کنٹرول روم انچارج محمد شکیل اور ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر تصدق حسین نے سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انجینئر حافظ عبدالرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرور کائنات نے شعوری انقلاب سے لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کر دیا فہم و ادراک اور عشق نبیﷺ سے مزین ہو کر دنیا میں کامیابی اور فتوحات ہوئیں نبی کریم ﷺ کے کردار سے مخالف قوتیں زیر ہوئیں اور آپ  ﷺ کی تعلیمات عالمِ انسانیت کے لئے نجات کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپﷺ  کی تعلیمات پر سچے دل سے عمل کرنے کی ضرورت ہے لوگ سیرت النبی ﷺپر عمل پیرا ہوتے ہوئے مخلوق خدا کی خدمت کریں شکستہ دلوں کو حوصلہ دیں،دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم لگائیں۔

 محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحادکے لئے دعاکی گئی۔