جوہر آباد؛ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 23 اکتوبر سے ہفتہ صحت منانے کیلئے تمام انتظامات مکمل

27

جوہر آباد،22 اکتوبر( اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہر آباد میں 23 اکتوبر سے ہفتہ صحت منانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ایک وسیع وعریض خوبصورت شامیانے کے نیچے بنائے گئے ہال میں عوام الناس کے بیٹھنے کے علاوہ رجسٹریشن، مختلف امراض کے سرسری اور مکمل معائنے،مفت ٹیسٹوں وغیرہ کیلئے الگ الگ کاﺅنٹر قائم کئے گئے ہیں۔

 پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں 23 اکتوبر سے ہفتہ صحت کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو 26 اکتوبرتک جاری رہے گا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خوشاب ڈاکٹر راو گلزار یوسف اور ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف نے بتایا کہ ہفتہ صحت کا افتتاح 23 اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا اورچیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ خوشاب ڈاکٹر رانا محمد اکبر کریں گے۔

 انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ ویک کے دوران ڈیجیٹل رجسٹریشن ،کلینکل ہسٹری ،بنیادی معائنہ، ہیماٹولوجیکل ،سرجیکل سکریننگ، ایچ بی ، شوگر فری ،ہیپاٹائیٹس بی اینڈ سی ،ای آئی وی اور ملیریا کے فری ٹیسٹ، پھیپھڑوں کی صحت اور ٹی بی سکریننگ کے علاوہ حاملہ خواتین کا چیک اپ ،فری الٹراساونڈحاملہ خواتین اور دوسال سے کم عمر بچوں کی ویکسین شامل ہے ۔

 ڈاکٹر گلزار یوسف نے مزید بتایا کہ ہیلتھ ویک کے دوران کونسلنگ اور طبی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس کیمپ میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے عزیزو اقارب تک یہ پیغام پہنچائیں تاکہ وہ بھی زیادہ سے زیادہ مستفیدہو سکیں۔ہیلتھ ویک کا انعقاد حکومت پنجاب کی طرف سے عوام کو مفت اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے پروگرام کا حصہ ہے۔