شیخو پورہ،22 اکتوبر( اے پی پی ): شیخوپورہ میں بھی آیوڈین کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے آگاہی کا عالمی دن منایا گیا۔ آیوڈین کی انسانی جسم میں خاص اہمیت ہے ، انسان کو زندگی بھر آیوڈین کی ضرورت رہتی ہے۔ اسی مناسبت سے آیوڈین کی کمی کے عالمی دن کے موقع پر شیخوپورہ کے علاقے چھاپہ مینارہ کے بنیادی مرکز صحت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔
واک کی قیادت ڈسٹرکٹ سینٹری انسپکٹر میاں منیر احمد نے کی، واک میں بنیادی مرکزِ صحت چھاپہ مینارہ کے سینٹری انسپکٹر ذوالفقار علی سمیت ہیلتھ ورکرز ، سول سوسائٹی اور سوشل ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور آیوڈین کی کمی پوری کر کے صحت مند زندگی بسر کرنے کا پیغام دیا۔
واک کے بعد بنیادی مرکز صحت چھاپہ مینارہ میں تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ماہرین نے آیوڈین کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں 5 کروڑ افراد آیوڈین کی کمی کا شکار ہیں اور 5 فیصد سے کم عمر بچوں میں یہ شرح 57 فیصد ہے، اگر حاملہ خواتین آیوڈین کی کمی کا شکار ہوں تو بچے کی صحت پر بہت مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ سینٹری انسپکٹر میاں منیر کا کہنا تھا کہ آیوڈین کی کمی سے بچنے کا آسان اور سستا حل آیوڈین ملے نمک کا استعمال ہے۔











