ڈی جی خان؛چار روزہ 8 ویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی 9 نومبر سے شروع ہوگی

31

ڈیرہ غازی خان،22 اکتوبر( اے پی پی ): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں چار روزہ 8ویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی9 نومبر سے شروع ہو گی۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کے علاوہ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی نعمان خان اپنے وفد کے ہمراہ بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے نے کہا کہ جیپ ریلی 9 نومبر سے شروع ہو کر 12 نومبر تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریلی کے انعقاد کے لیے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں لیہ،مظفر گڑھ اور کوٹ ادو میں 200 کلومیٹر طویل ٹریک تیار کیا جا رہا ہے اور ریلی میں ملک بھر سے 100سے زائد مرد اور خواتین ڈرائیورز کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیارہ کیٹیگری کے مختلف مقابلے،ثقافتی میلہ اور دیگر پروگرام شامل ہوں گے۔کمشنرنے کہا کہ تھل جیپ ریلی ڈی جی خان ڈویژن کی پہچان ہے اور انتظامیہ کی طرف سے تاریخی جیپ ریلی کیلئے احسن اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اور سہولیات کی بہتری کیلئے تمام محکمے ملکر کام کریں اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ممکنہ انتظامات کئے جائیں گے۔