حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ،معاون خصوصی محمد طاہر جاوید

47

لاہور،21اکتوبر  (اے پی پی):نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری محمد طاہر جاوید نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، فرنیچر انڈسٹری میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے ، فرنیچر کی برآمدات بڑھا کر زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، خلیجی دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں، حکومت فرنیچر سمیت دیگر انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی،ملکی معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر لاہور میں پاکستان لائف سٹائل اور فرنیچر ایکسپو کے 77 ویں ایڈیشن کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لئے کوششیں جاری ہیں، ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لئے امن، استحکام اور کاروبار دوست پالیسیاں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی پیداواری صلاحیت کا رخ برآمدات کی جانب موڑا جائے،  حکومت مختصر مدت میں ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کا تسلسل ملک کی تیزرفتار ترقی کے لئے ضروری ہے، ملک کے تمام وسائل بروئے کار لا کر اس کو دوبارہ ابھرتی ہوئی معیشت بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کو آگے لے کر جانے کے لئے اتحاد، یکجہتی اور استحکام وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے ، اس انڈسٹری کو فروغ دے کر زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، حکومت اس انڈسٹری سے وابستہ افراد کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی،انہوں نے کہا کہ بحرین پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے ، اس سلسلے میں بحرین کے تاجر وفود نے حکومتی سطح پر ملاقاتیں بھی کیں ہیں، محمد طاہر جاوید نے کہا کہ ترکیہ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان میں خاص طور پر کان کنی، آلات کی تیاری، کاغذی مصنوعات، فارماسیوٹیکل سیکٹر اور خصوصی اقتصادی زونز میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ کرنے والی46 ترک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں اور انہوں نے انفراسٹرکچر کی سرمایہ کاری میں اپنا حصہ بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ترکی کے وفد نے اس سلسلے میں دورہ بھی کیا ،امید ہے یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کی کاوشوں سے دوست خلیجی ممالک بھی فرنیچر سمیت دیگر انڈسٹریز میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے خواہشمند ہیں ، جلد ہی وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے جس سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا،اس موقع پر معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری محمد طاہر جاوید نے پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپوکے 77 ویں ایڈیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ چیف ایگزیکٹو لائف اسٹائل فیصل محسن نے معاون خصوصی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ ایکسپو میں پاکستان کے 50 سے زائد ٹاپ برانڈز کی تیار کردہ فرنیچر پراڈکٹس رکھی گئی ہیں، گھروں اور دفاتر میں استعمال ہونے فرنیچر بھی نمائش میں رکھا گیا ہے،معاون خصوصی نے ایکسپو کے مختلف سٹالز کا دورہ کیااور ایکسپو میں رکھی گئی پراڈکٹس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں رکھا گیا فرنیچر سمیت دیگر مصنوعات بین الاقوامی معیار کی ہیں،پاکستان معیاری فرنیچر برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔ نمائش میں شہریوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی ،فرنیچر ایکسپو  22 اکتوبر تک جاری رہے گی- قبل ازیں  معاون خصوصی محمد طاہر جاوید نے مسلم ٹائون لاہور میں بورڈ آف انویسٹمنٹ آفس کا دورہ کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر بی او آئی صبا اعجاز نے معاون خصوصی کو دورہ کے موقع پر خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ،انہوں نے معاون خصوصی کو ادارے کی کارکردگی بارے بریفنگ دی ، معاون خصوصی نے بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اداروں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،بعد ازاں معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری نے بورڈ آف انوسٹمنٹ لاہور آفس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ،بورڈ کے ملازمین ،اے پی ایس نوید احمد، پروٹوکول آفیسر جمیل چشتی, میڈیا کے نمائندگان و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔