پائیدار ترقی کیلئے خواتین کا عملی میدان میں موثر کردار ناگزیر ہے، خواتین کی ترقی کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی

42

لاہور، 21اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم کی سربراہی میں ویمن چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ نگران وزیر اعلی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے خواتین کا عملی میدان میں موثر کردار ناگزیر ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے،خواتین کی ترقی کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ محسن نقوی نے کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ خواتین معیشت کی مضبوطی میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ پنجاب میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کررہے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے متعدد این او سیز ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گے۔ ویمن چیمبر آف کامرس سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم نے ویمن چیمبر آف کامرس کی کارکردگی اوردیگر امور کے بارے میں وزیراعلی پنجاب کو آگاہ کیا۔ ویمن چمبر آف کامرس کے وفد میں سحرملک، قیصرہ شیخ،صائمہ اقبال،عائشہ خرم،شازیہ طفیل، عائشہ ناصر، فلاحت عمران، فرح جہانگیر، شازیہ سلیمان،صبا مبارک،طاہرہ نسیم،سارہ مدثر،رخسانہ ظفر اوردیگرخواتین شامل تھیں ۔ صوبائی وزیرصنعت و زراعت ایس ایم تنویر، سیکرٹری صنعت اورایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔