ساہیوال،19اکتوبر( اے پی پی ): مڈھالی روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا جس پرکمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے اظہار اطمینان کیا، فتح شیر روڈ کو بھی مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے، پسپ حکام کو ہدایات کی گئیں ہیں۔
وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ کے سٹی منیجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پائپ لائن بچھائے جانے کے بعد سڑک کی مرمت کا کام بھی فوری مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی لائے جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ فتح شیر روڈ کے کام کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے، کالج روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر اس وقت تک کام شروع نہ کیا جائے جب تک دوسرے جاری کام مکمل نہ ہوں،انہوں نے میونسپل کارپوریشن حکام کو ڈویژن بھر کے ہسپتالوں کی واٹر ٹینکیوں کی صفائی 100فی صد یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
بعدازاں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے غلہ منڈی یونین کونسل نمبر8میں 13کروڑ روپے کی لاگت سے لگانے گئے ٹیوب ویل کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ٹیوب ویل سے ڈیڑھ لاکھ گیلن واٹر حاصل ہو گا جس سے علاقہ مکینوں کو صاف پانی کی 24گھٹنے فراہمی ممکن ہو گی اور عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔ اس موقع پر پسپ کے سٹی منیجر محمد اسجد خان نے بتایا کہ غلہ منڈی یونین کونسل نمبر8میں 22سو گھروں کو پینے کے صاف پانی کے کنکشن فراہم کر دیے گئے ہیں۔











