کوئٹہ 18 اکتوبر(اے پی پی): چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں عام انتخابات سے متعلق اجلاس کوئٹہ میں ہوا۔ اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سندھ، بلوچستان، کے پی اور پنجاب، سیکریٹر الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم اور الیکشن کمشنر بلوچستان شریک ہوئے۔ اجلاس میں عام انتخابات کی تیاری اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا اجلاس سے کہنا تھا شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا فرض ہے۔ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کو شفاف انتخابات کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے۔ آزاد اور منصفانہ انتخابات ہی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہیں۔ انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن عبوری صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان شریف اللہ کا عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفینگ میں کہنا تھا بلوچستان سے 52 لاکھ 84 ہزار 594 رجسٹرڈ ووٹرز آئیندہ الیکشن میں حق رائے دہی کا استمعال کریں گے۔ بلوچستان میں نیشنل اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشتوں پر پولنگ ہوگی۔ صوبے میں 5 ہزار 67 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ صوبے میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن 2 ہزار 38 جبکہ 2 ہزار 68 کو حساس ڈیکلئیر کیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صوبائی الیکشن کمشنر کو اس موقع پرتمام پولنگ اسٹیشنوں کے فوری دورے کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آئی جی پولیس نے پر امن انتخابات کیلئے سیکورٹی پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کے پر امن انعقاد کیلئے مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جارہا ہے ۔











