فیصل آباد؛ کپاس کے عالمی دن پر زرعی سائنسدانوں کیجانب سے تقریب کا انعقاد

52

فیصل آباد، 07اکتوبر(اے پی پی ): ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے  دنیابھر میں  کپاس کا عالمی دن منایا جارہاہے۔ اس سلسلہ میں ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ کپاس کے زرعی سائنسدانوں نے بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا۔   تقریب کی صدارت چیف سائنٹسٹ ملک اللہ بخش اور ڈاکٹر عزیز الرحمن نے مشترکہ طور پر کی۔

تقریب میں محمد اسحاق لاشاری ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن فیصل آباد سمیت شعبہ کپاس کے سینئر سائنٹسٹ ڈاکٹر جہانزیب ، ڈاکٹر امجد فاروق ، یاسر رمضان ، ڈاکٹر محمد آصف ، ڈاکٹر خنساء خاکوانی ، مقامی میڈیا نمائندگان اور کاشتکاروں نے شرکت کی ۔ اس دن کو منانے کا مقصد پوری دنیا میں کپاس کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہے۔

 اس وقت پاکستان کپاس پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے۔ کپاس پاکستان کی معیشت کی بحالی میں اہمیت کی حامل فصل ہے۔ اس اہمیت کے پیش نظر امسال وفاقی اور صوبائی حکومت نے کپاس بحالی کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے مالی  مراعات کے ساتھ جدید سفارشات سے آگاہی کے لئے موثر کوششیں کی ہیں ۔

ڈاکٹر جہانزیب فاروق سینئر سائنٹسٹ نے تقریب کےشرکاء اور میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے جاری کامیاب مہم ، زرعی سائنسدانوں ، فیلڈ ماہرین کی مثبت کاوشوں اور کاشتکاروں کی بھر پور محنت سے امسال ابتک  50 لاکھ سے زائد گانٹھ کپاس کی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔ امید ہے کہ کلائمیٹ چینج کے مضر اثرات کے باوجود پیداوری ہدف کاحصول ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے نہ صرف کاشتکاروں کی زرعی  آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مقامی کپاس کی بہتر سپلائی سے ملکی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔