کوئٹہ21 اکتوبر(اے پی پی): نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے ہفتہ کو کوٹٹہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، نگران وفاقی وزیر کا ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر پہنچنے پر سابقہ وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ، ایڈیشنل سیکرٹری محنت و افرادی قوت زوار علی ہزارہ اور پرنسپل شعیب انور شیرازی نے استقبال کیا۔نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا کہ نوجوان نسل کو ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ دیکر انھیں عصر حاضر کے مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایت پر نوٹیک اور دیگر اداروں کے معاونت سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے لیس کرکے انھیں معاشرے کا مفیدشہری بنائینگے تاکہ مستقبل کے معمار اپنے خاندان اور معاشرے پربوجھ بننے کی بجائے اپنی ہنر و فنی تربیت کی بنیاد پر باعزت روزی کماسکیں۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو ہنرمند بنانے کے لیے ٹی ٹی سی کویٹہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں کیونکہ فنی مہارت اور پیشہ ورانہ تعلیم ہی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہیں،نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباءوطالبات کو لیپ ٹاپ و اسکالرشپ دینےکے ساتھ فنی تربیت دینے کے لیے تمام ٹیکنکل سینیٹرز کو جدید آلات اور وسائل مہیا کیے جائینگے۔











