ڈی جی خان؛آر پی او کی زیر صدارت جرائم کی صورتحال اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد

44

 

ڈیرہ غازی خان،21 اکتوبر( اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت کرائم کی صورتحال اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کے جائزہ کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔

اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران شریک ہوئے، آر پی او نے تمام اضلاع میں کرائم کی صورتحال اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے روڈ کرائم باالخصوص موٹر سائیکل ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے کرائم میپنگ کرنے اور ملوث مجرمان کے خلاف موثر حکمت عملی کے تحت سخت کریک ڈاون کرنے کے احکامات جاری کئے۔

 آر پی او نے کہا کہ تمام اضلاع میں اشتہاری و مفرور مجرمان کی گرفتاری، منشیات فروشان کے خلاف کارروائیوں اور بجلی چوری میں ملوث مجرمان کی گرفتاری کے حوالے سے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ مخدوش عمارات میں موجود تھانہ جات کو بہتر عمارات میں منتقل کرنے اور تمام تھانوں کی بطور سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن کے حوالے سے آئی جی پنجاب کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

آر پی او نے کہا کہ خدمت مراکز ،تحفظ سنٹراور میثاق سنٹر کی ایس او پیزکے مطابق شہریوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم ، 1787،ریسکیو 15 سے موصول ہونے والی شکایات پر مقررہ مدت میں کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور احاطہ عدالت میں سخت سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔