ون ونڈو بزنس فسیلیٹیشن سنٹر آئندہ دو ماہ میں کام شروع کردے گا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر

45

لاہور21 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ون ونڈو بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کے حوالے سے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت  نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو بزنس فسیلیٹیشن سنٹر آئندہ دو ماہ میں کام شروع کردے گا – بزنس سہولت سنٹر کے قیام سے سرمایہ کاری میں حائل ہر رکاوٹ دور ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ متعلقہ صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں دیں گے۔ بزنس سہولت سنٹر کا قیام سرمایہ کاری کے عمل میں سست روی کے خاتمے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اہم اقدام ہے –  ایس ایم تنویر نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے بھی موثر ڈیجیٹل نظام بنایاگیاہے۔ نالج ہب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر قسم کی معلومات دستیاب ہوں گی –  صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ بزنس سہولت سنٹر کی کارکردگی کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جائے گی – سرمایہ کارکو موبائل ایپ کے ذریعے درخواست پر کارروائی سے متعلق آگاہی دی جائے گی- صدر ایوان صنعت و تجارت گوجرانوالہ نے کہا کہ محکمہ صنعت و تجار ت نے ایس ایم تنویر کی قیادت میں سہولت سنٹر قائم کرکے مستحسن اقدام اٹھایاہے – صدر ایوان صنعت و تجارت لاہور کاشف انور نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سہولت سنٹر کے قیام پر مطمئن اور نگران حکومت کی مشکور ہے – سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے اجلاس کو بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد اور اہمیت بارے بریفنگ دی۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان اور راولپنڈی چیمبرز کے صدو، ڈی جی انڈسٹریز، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔