پشین؛غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے خلاف جمعیت علماء اسلام کی احتجاجی ریلی  

5

پشین ،28 اکتوبر ( اے پی پی): فلسطین غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کے نسل کشی کے خلاف جمعیت علماء اسلام تحصیل سرانان کے زیر اہتمام ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

ریلی کے شرکاء نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ریلی کے شرکاء نے شہر کے مختلف شاہراہوں پر گشت کیا۔احتجاجی ریلی سے جمعیت علماء اسلام کے تحصیل سرانان امیر مفتی سید محمد آغا ،میونسپل کمیٹی سرانان  چیرمین مولانا سید حفیظ اللہ آغا اور دیگر  مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مظلوم اور محکوم فلسطینیوں پر عالمی دہشت گرد اسرائیلی وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مسلسل فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام و فلسطین کے مسلمانوں کی نسل کشی پر اقوام متحدہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اور انسانی حقوق کے تنظیموں کی خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اسلامی ممالک مسلمانوں کے قبلہ اول و فلسطین کے آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔