ملتان،11 نومبر( اے پی پی):آٹھویں چار روزہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کاکوالیفائنگ راؤنڈ میں پری پیئرڈ، سٹاک کے نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ریسر زین محمود تیز ترین ریسر قرار پائے اور اپنی کیٹگری میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔سٹاک کیٹگری میں کھلاڑی محمد مروت نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔گزشتہ روز ہیڈ محمد والہ کے قریب صحرائے تھل میں موٹرریس کے بڑے مقابلے8ویں چار روزہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ جیپ ریس سے قبل ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں95گاڑیوں نے حصہّ لیا۔جن میں43 پری پیئرڈ کیٹگری اور52 سٹاک کیٹیگری کی گاڑیاں شامل تھی۔
ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی)کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق کوالیفائنگ راؤنڈ کی پری پیئرڈ کیٹگری میں معروف کھلاڑی زین محمودپہلے نمبر پر آئے اور اب وہ اپنی کیٹگری کی ریس میں سب سے پہلے روانہ ہوں گے ۔انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا2.5کلومیٹرٹریک ایک منٹ اور46.51سیکنڈ میں طے کیا۔دوسرے نمبر پر معروف جیپ ریسرفیصل شادی خیل آئے ۔انہوں نے یہ فاصلہ ایک منٹ اور 48.93سیکنڈ میں طے کیا۔تیسرے نمبر پرمعروف ریسر نادر مگسیّ آئے جو کہ گزشتہ سال بھی کوالیفائنگ راؤنڈ میں اسی پوزیشن پر براجمان تھے۔نادر مگسی نے یہ فاصلہ ایک منٹ50.71سکینڈ میں طے کیا۔سٹاک کیٹگری میں ریسر سید محمد مروت پہلے نمبر پر آئے۔ انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا 2.5کلومیٹرٹریک 2 منٹ اور05.40سیکنڈ میں طے کیا۔دوسرے نمبر پر ضہیب جدون آئے انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا ٹریک 2 منٹ اور 05.53 سیکنڈ میں طے کیا۔تیسری پوزیشن سید آصف امام نے حاصل کی ۔انہوں نے ٹریک دو منٹ اور06.37سیکنڈ میں طے کیا۔آج11نومبر کو سٹاک کیٹگری کی ریس جبکہ 12نومبر کو پری پیئرڈ کیٹگری اور وومن کیٹگری کے فائنل مقابلے ہونگے۔قبل ازیں کمشنر ڈی جی خان ناصر محمود بشیر نے کوالیفائنگ مقابلوں کا افتتاح کیا۔ کوالیفائنگ مقابلوں میں 95 گاڑیوں نے حصہ لیا اس موقع پر پولیس سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔جی ایم،ٹی ڈی سی پی واحد ارجمند ضیاء اورایونٹ منیجر،ٹی ڈی سی پی نعمان احمد نے کہا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی اس خطے کی پہچان بن گئی ہے۔ جیپ ریلی کے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سال مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان مقابلوں کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتی رہے گی اور ضلع کی عوام کو ایک بہتر تفریح فراہم کرتی رہے گی۔ ایونٹ منیجر،ٹی ڈی سی پی محمد نعمان نے کہا کہ 195 کلومیٹر سے زائد لمبے ٹریک پر مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام ڈرائیور اور ان کی گاڑیوں کی حفاظت کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔دریں اثناء سکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار بھاری تعداد میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔











