کمشنر ساہیوال ڈویژن کی شہر میں جاری منصوبوں کو مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت

27

ساہیوال، 11 نومبر(اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی شہر میں جاری منصوبوں کو مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت، ٹائم لائن کے مطابق منصوبوں کو مکمل نہ کرنے والی کمپنیوں پر جرمانہ عائد کیا جائے، مڈھالی روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کے بعد سڑک کی بحالی کے کام کو بھی اگلے 3 سے 4روز میں مکمل کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے  میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی اور پسپ پروگرام کے تحت جاری کام کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے نیسپاک کمپنی کے ریزیڈنٹ انجینئر کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں جاری تمام منصوبوں کی کام کی کوالٹی اور ٹائم لائن کے مطابق انہیں مکمل کرنے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔کمشنر شعیب اقبال سید نے زیر تعمیر ساہیوال بائی پاس پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی جس پر ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد نے یقین دھانی کروائی کہ بائی پاس پر جاری کام کو مقررہ وقت پر مکمل کر لیا جائے گا۔

اجلاس میں میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، نیسپاک کمپنی کے ریزیڈنٹ انجینئر ملک افتخار احمد، ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔