چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کاوظائف کی ادائیگیوں کے دوران نگرانی اورضرورت مند خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر زور

23

 

فیصل آباد،07  نومبر (اے پی پی):ڈاکٹر محمد امجد ثاقب چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے وظائف کی ادائیگیوں کے دوران نگرانی اورضرورت مند خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر زوردیا ہے اوربی آئی ایس پی ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ وظائف کی ادائیگیوں کے دوران مؤثرنگرانی کے عمل کو یقینی بنائیں تاکہ یہ ادائیگیاں منصفانہ اور شفاف طریقے سے کی جاسکیں۔فیصل آباد کی جامع مسجد اسد فریدیہ میں بی آئی ایس پی سٹاف کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ انسانیت کا دارومدار غریبوں کے مسائل اور تکالیف سے ہمدردی میں مضمر ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اس سلسلہ میں بی آئی ایس پی اور پارٹنر بینکوں کے پوائنٹ آف سیل(پی او ایس)ایجنٹوں کے درمیان قریبی رابطے پربھی زور دیا تاکہ کٹوتیوں کی شکایات کا مناسب اور بروقت ازالہ کیا جائے۔ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ ضرورت مند خواتین، بیواؤں، یتیموں اور بچوں کی خدمت کرنا عبادت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا نام ضرورت مند خاندانوں کو اضافی مدد فراہم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جبکہ ایک ذمہ دار ریاست کا فرض ہے کہ وہ اشرافیہ طبقے سے ٹیکس وصول کرے اوریہ فنڈز پسماندہ افراد کو بااختیار بنانے اور ضروری ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مختص کرے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی ملازمین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کمزور افراد کو ضروری سہولیات فراہم کریں جیسے کہ پینے کا صاف پانی اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنیوالی خواتین کیلئے سایہ دار جگہ کا انتظام وغیرہ۔بعد ازاں ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے فیصل آباد میں بی آئی ایس پی کے مقامی دفتر کا دورہ بھی کیا جہاں بی آئی ایس پی کے عملے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفاتر میں صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول برقرار رکھنا ایمان کا مظہر ہے کیونکہ اسلام میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے نیزایک شخص کے کردار کا اندازہ اس کے اخلاقی رویہ سے ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کو ملک کابہترین ادارہ بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔مزید برآں ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور بی آئی ایس پی سے مستفید ہونیوالے مستحق خاندانوں کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ضرورت مند  خواتین کیلئے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت فراہم کر رہا ہے جو انہیں مزید بااختیار بنانے اور شفافیت کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس کوشش کو کامیاب بنانے کیلئے بی آئی ایس پی ملازمین سے بھرپور تعاون کی بھی اپیل کی۔